“وزیراعظم شہباز شریف کی چوہدری نثار سے ملاقات، ن لیگ میں واپسی کی دعوت”

-
وزیراعظم شہباز شریف آج مسلم لیگ ن کے سابق سینئر رہنما چوہدری نثار علی خان کی رہائشگاہ پہنچے اور ان سے ملاقات کی۔
-
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چوہدری نثار کی خیریت دریافت کی اور انہیں مسلم لیگ ن میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دی۔
-
بتایا جاتا ہے کہ چوہدری نثار نے اس پیشکش پر فوری کوئی جواب نہیں دیا اور کہا کہ صحت بہتر ہونے اور قریبی ساتھیوں سے مشاورت کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔
-
چوہدری نثار نے اپنی رہائشگاہ آمد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، جس کے بعد شہباز شریف واپس روانہ ہوگئے۔
-
واضح رہے کہ چوہدری نثار علی خان مسلم لیگ ن کے پرانے اور اہم رہنما سمجھے جاتے ہیں اور وہ نواز شریف کے قریبی ساتھی بھی رہے ہیں۔
-
اپنے سیاسی کیریئر میں وہ کئی مرتبہ وفاقی وزیر کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔
-
بعد میں ان کے پارٹی سے اختلافات پیدا ہوئے، بالخصوص مریم نواز کو اہم عہدے دیے جانے پر انہیں اعتراض تھا۔
-
2018 کے عام انتخابات میں انہوں نے ن لیگ کی بجائے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا اور پنجاب اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی۔
-
اس کے بعد انہوں نے باقاعدہ مسلم لیگ ن چھوڑنے کا اعلان کر دیا تھا۔
-
اس موقع پر مریم نواز نے بھی ایک تقریب میں واضح کہا تھا کہ چوہدری نثار کا ن لیگ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
-
2024 کے عام انتخابات میں بھی چوہدری نثار نے آزاد حیثیت سے حصہ لیا، لیکن این اے 53 کی نشست پر ن لیگ کے امیدوار قمر الاسلام کے ہاتھوں شکست ہوئی۔
-
چوہدری نثار نے کئی سال سیاسی خاموشی میں گزارے، اس دوران بعض حلقوں میں ان کے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کی افواہیں بھی گردش کرتی رہیں، جو بعد میں غلط ثابت ہوئیں۔