سیاست July 15, 2025 Shahbaz Sayed

پی ٹی آئی کی تحریک کا آغاز، 5 اگست کو عروج کی پیشگوئی – بیرسٹر گوہر کی وضاحتیں

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر پارٹی کی تحریک کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، اور یہ تحریک 5 اگست کو اپنے عروج پر پہنچے گی۔

بیرسٹر گوہر نے اس موقع پر کہا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے، کوئی گوریلا فورس نہیں جو آ کر حملہ آور ہو جائے۔ ان کے مطابق حکومت کی جانب سے تحریک کی کال پر شدید ردعمل دراصل سیاسی بیان بازی ہے، اور اقتدار میں بیٹھے لوگ اسی طرح کے بیانات دیتے ہیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے 90 دن میں “آر یا پار” کے بیان کو معمول کی سیاست کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاست میں دل بڑا رکھنا پڑتا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ علی امین کو عمران خان کی مکمل حمایت حاصل ہے اور وہ ان ہی کی ہدایت پر پارٹی امور چلا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں کچھ لوگ انہیں پسند نہیں بھی کرتے، لیکن سیاسی جماعتیں افراد کی ذاتی پسند یا ناپسند پر نہیں چلتیں۔

پارٹی کے اندر اختلافات کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف ایک بڑی سیاسی جماعت ہے، اور ہر بڑی پارٹی میں سیاسی اختلافات ہونا معمول کی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنے فیصلے خود کرتی ہے اور کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیتی۔

سوشل میڈیا پر سینیٹ الیکشن کے امیدواروں کے حوالے سے سامنے آنے والی فہرست پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ تمام نام جعلی ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کے نام عمران خان نے خود فائنل کیے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پی ٹی آئی کی تحریک شروع ہو چکی ہے اور یہ 90 روز تک جاری رہے گی، جس میں حکومت کو “آر یا پار” کا پیغام دیا جائے گا۔