سیاست July 15, 2025 Shahbaz Sayed

پی ٹی آئی قیادت میں اختلافی بیانات پر چیئرمین بیرسٹر گوہر کی مداخلت، عالیہ حمزہ سے رابطہ

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں قیادت کے خلاف اختلافی بیانات کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پارٹی رہنماؤں عالیہ حمزہ اور شیخ وقاص اکرم سے رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے دونوں رہنماؤں کو اختلافی بیانات دینے سے روک دیا اور انہیں کہا کہ پارٹی کے اندر موجود فورم پر ہی تمام مسائل اور شکایات اٹھائی جائیں۔

بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ اگر کسی رہنما کو کوئی شکایت ہے تو وہ براہ راست آگاہ کرے، وہ یہ معاملہ پارٹی کے بانی عمران خان کے سامنے خود رکھیں گے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کا پارٹی قیادت کے خلاف ایک طنز بھرا ٹویٹ سامنے آیا تھا، جس میں انہوں نے اپنے نظر انداز کیے جانے پر سخت سوالات اٹھائے تھے۔

عالیہ حمزہ کا شمار پارٹی کی سرگرم رہنماؤں میں ہوتا ہے اور وہ ہمیشہ پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریکوں میں پیش پیش رہی ہیں۔ تاہم لاہور میں پارٹی قیادت کے دورے اور اجلاس کے دوران صوبے کی چیف آرگنائزر ہونے کے باوجود انہیں مدعو نہیں کیا گیا۔

اسی معاملے پر انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ پارٹی قیادت کی اطلاعات کے مطابق وہ گزشتہ دو دن سے بہت مصروف تھیں، ایسی مصروفیات جن کا شاید انہیں خود بھی علم نہیں تھا، اور سوال اٹھایا کہ کیا کوئی اس پر روشنی ڈالے گا؟

عالیہ حمزہ نے یہ بھی پوچھا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے کس لائحہ عمل کا اعلان ہوا ہے، تحریک کہاں اور کیسے چلے گی، اور 5 اگست کے بجائے 90 دن کا منصوبہ کہاں سے آ گیا؟ انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے یہ منصوبہ دیکھا ہو تو ان کی بھی رہنمائی کر دے۔