پاکستان اور جاپان کے درمیان ہیومن ریسورس اسکالرشپ پروگرام کے لیے گرانٹ معاہدہ

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جاپان کے درمیان ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ اسکالرشپ پروگرام کو مزید وسعت دینے کے لیے گرانٹ معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔
اس معاہدے کے تحت جاپانی حکومت پاکستان کو 379 ملین جاپانی ین کی مالی معاونت فراہم کرے گی۔
ترجمان اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق اس اسکالرشپ کے تحت پاکستان کے 16 وفاقی ملازمین جاپان کی ممتاز یونیورسٹیوں میں ماسٹرز کی تعلیم حاصل کریں گے۔
بتایا گیا ہے کہ یہ پروگرام 2018 سے جاری ہے اور اب تک اس کے تحت 7 بیچز جاپان جا چکے ہیں۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی، جہاں سیکریٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اور پاکستان میں جاپان کے سفیر شوچی نے باضابطہ طور پر دستخط کیے۔
اس موقع پر پاکستانی حکام نے جاپان کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ جاپان کا پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون قابل تحسین ہے۔
تقریب میں جاپانی سفیر شوچی کا کہنا تھا کہ جاپانی حکومت اور جائیکا (JICA) پاکستان کے ساتھ اپنا غیر متزلزل تعاون جاری رکھیں گے، تاکہ دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوں اور انسانی وسائل کی ترقی میں بہتری آئے۔