پاکستان July 15, 2025 Shahbaz Sayed

ثنا یوسف قتل کیس: سیشن عدالت نے مبینہ قاتل کی کرائے کی گاڑی کی سپرداری کی درخواست مسترد کر دی

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی سیشن عدالت میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے مبینہ قاتل عمر حیات کی جانب سے کرائے پر لی گئی گاڑی کی سپرداری سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے درخواست گزار کی یہ درخواست خارج کر دی۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس کا اور گاڑی کا اس واردات سے کوئی تعلق نہیں، اور نہ ہی وہ مقدمے میں نامزد یا مطلوب ہے۔
تاہم پولیس نے عدالت کو بتایا کہ واردات سے پہلے اور بعد میں یہی گاڑی ملزم عمر حیات نے استعمال کی تھی۔
یہ گاڑی ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے قبضے میں لی۔

پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ درخواست گزار نے گاڑی کے رینٹ پر لینے کا معاہدہ اور سی سی ٹی وی شواہد پولیس کو نہیں دیے۔
اس کے علاوہ پولیس کے مطابق مقدمے میں گاڑی کے مالک اور ڈرائیور دونوں سے شہادت درکار ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد گاڑی کی سپرداری کی درخواست خارج کر دی۔

خیال رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو ان کے گھر پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 20 گھنٹے کے اندر ملزم عمر حیات کو فیصل آباد سے گرفتار کر لیا تھا، جس نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف کر لیا تھا۔