ٹیکنالوجی June 29, 2025 Shahbaz Sayed

“12 اضلاع میں براڈ بینڈ اور فائبر منصوبے – 7 ارب 49 کروڑ روپے کی منظوری”

  • سیکریٹری آئی ٹی اور چیئرمین یو ایس ایف بورڈ ضرار خان نے بتایا ہے کہ ملک بھر کے 12 اضلاع میں براڈ بینڈ سروسز اور فائبر آپٹک منصوبوں پر مجموعی طور پر 7 ارب 49 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

  • ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے 5 منصوبے اور 940 کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے 2 منصوبے منظور کر لیے گئے ہیں۔

  • ان منصوبوں کے تحت 347 دیہات، گاؤں اور 113 ٹاؤنز و یونین کونسلوں کو ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی فراہم کی جا سکے گی۔

  • چیئرمین یو ایس ایف بورڈ کے مطابق 940 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک کیبل سے 28 لاکھ رہائشیوں کو فائدہ ہوگا۔

  • جبکہ براڈ بینڈ سروسز کے 5 منصوبے 9 لاکھ 65 ہزار افراد کو ڈیجیٹل سہولیات فراہم کریں گے۔

  • ضرار خان نے بتایا کہ وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ کی ہدایت پر پسماندہ علاقوں میں براڈ بینڈ کی فراہمی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔

  • ان کے مطابق اب تک یو ایس ایف منصوبوں کے ذریعے 3 کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو براڈ بینڈ سروسز مہیا کی جا چکی ہیں۔

  • انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے پسماندہ علاقوں کے باصلاحیت نوجوان اور خواتین بڑی تعداد میں فری لانسرز اور اسٹارٹ اپس کے ذریعے ڈیجیٹل دنیا سے منسلک ہو رہے ہیں۔

  • ضرار خان نے مزید کہا کہ یو ایس ایف پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ اور آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

  • بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بھی پسماندہ علاقوں میں ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی کے لیے یو ایس ایف کے کردار کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔

  • اس موقع پر چیف ایگزیکٹو یو ایس ایف مدثر نوید نے بتایا کہ سانگھڑ میں 3 ارب 27 کروڑ روپے کی لاگت سے 415 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک کیبل بچھائی جائے گی۔

  • ان کے مطابق جھنگ کے آس پاس کی آبادی کے لیے 2 ارب 38 کروڑ روپے سے زائد لاگت سے 525 کلومیٹر طویل کیبل بچھانے کا منصوبہ ہے۔

  • علاوہ ازیں اٹک، خوشاب، سرگودھا، بہاولپور، فیصل آباد، حافظ آباد، شیخوپورہ، چنیوٹ، بدین اور ایبٹ آباد کے 347 دیہات اور گاؤں کو فورجی سروسز سے منسلک کیا جائے گا۔