ٹیکنالوجی July 15, 2025 Shahbaz Sayed

بٹ چیٹ ایپ: بغیر انٹرنیٹ، سم یا فون نمبر کے پیغام رسانی کا نیا دور؟

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جلد ہی صارفین کے ہاتھ میں ایک ایسی ایپ ہوگی جو پیغام رسانی کے روایتی طریقوں کو یکسر بدل کر رکھ دے گی۔
جی ہاں، بات ہو رہی ہے “بٹ چیٹ” (BitChat) نامی ایک نئی ایپ کی، جو انٹرنیٹ، سم کارڈ یا فون نمبر کے بغیر بھی میسج بھیجنے کی سہولت فراہم کرے گی۔

یہ وہ چیز تھی جو کبھی صرف تصور میں ممکن سمجھی جاتی تھی، لیکن اب یہ حقیقت کا روپ دھارنے جا رہی ہے۔
بٹ چیٹ ایپ اپنے منفرد اور حیرت انگیز فیچرز کی وجہ سے دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، “BitChat” ایک جدید اور غیروایتی میسجنگ ایپ ہے، جو دوسرے مشہور ایپس کو سخت مقابلہ دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ ایپ بلیوٹوتھ اور میش نیٹ ورکس کے ذریعے کام کرے گی، جس کا مطلب یہ ہے کہ قریبی صارفین ایک دوسرے سے بغیر کسی نیٹ ورک یا انٹرنیٹ کنیکشن کے پیغام رسانی کر سکیں گے۔

بٹ چیٹ ایپ انکرپٹڈ اور گمنام کمیونیکیشن کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے، یعنی صارفین کی بات چیت محفوظ اور نجی رہے گی۔
یہ ٹیکنالوجی خاص طور پر ان علاقوں میں فائدہ مند ہو سکتی ہے جہاں انٹرنیٹ کی سہولت محدود یا بند ہوتی ہے۔

اگرچہ اس ایپ کے فیچرز اور افادیت کے بارے میں معلومات سامنے آ چکی ہیں، لیکن تاحال اس کی مکمل تفصیلات یا آفیشل تصدیق جاری نہیں کی گئی۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس ایپ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کے شریک بانی، جیک ڈورسی سے جوڑا جا رہا ہے، تاہم ان کی جانب سے کسی قسم کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ آیا بٹ چیٹ واقعی پیغام رسانی کے میدان میں ایک نئی انقلابی تبدیلی لا پائے گی یا نہیں۔