وٹامن سی کی کمی: چھپی وجوہات، علامات اور بچاؤ کے آسان طریقے

اگر ہم وٹامن سی کی کمی کی بات کریں تو زیادہ تر لوگ یہی سمجھتے ہیں کہ اس کی بڑی وجہ تازہ پھل اور سبزیاں کم کھانا ہے۔ یہ بات درست بھی ہے، مگر ڈاکٹروں کے مطابق اس کے علاوہ بھی کچھ کم جانے پہچانے عوامل ہیں جو اس اہم وٹامن کی کمی کا سبب بن سکتے ہیں۔
امریکی طبی ماہرین نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ وٹامن سی کی کمی کی کچھ خاص علامات بھی ہوتی ہیں، جیسے جلد کا خشک ہونا، مسوڑھوں سے خون آنا یا پھر موٹاپا خاص طور پر پیٹ کی چربی میں اضافہ ہونا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے اس کمی کو پورا کرنا کوئی مشکل کام نہیں۔ اگر آپ متوازن اور صحت مند غذا کھائیں تو یہ کمی آسانی سے پوری کی جا سکتی ہے۔ وجہ یہ ہے کہ انسانی جسم خود وٹامن سی نہیں بنا سکتا اور نہ ہی اسے ذخیرہ کر سکتا ہے، اس لیے روزانہ اس کا حصول ضروری ہوتا ہے۔
امریکی ماہرین کے مطابق، بالغ خواتین کو روزانہ 75 ملی گرام جبکہ مردوں کو 90 ملی گرام وٹامن سی کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ مقدار آپ باآسانی قدرتی غذاؤں سے حاصل کر سکتے ہیں، مثلاً:
-
آدھا گلاس سرخ مرچیں
-
ایک کپ بروکلی
-
یا تقریباً تین چوتھائی گلاس سنگترے کا جوس
اس کے علاوہ ماہرین نے وٹامن سی کی کمی کی کچھ خاص وجوہات بھی بتائی ہیں۔
-
جو لوگ متوازن غذا نہیں کھاتے ان میں اس کی کمی زیادہ پائی جاتی ہے۔
-
گردے کے مریض، خاص طور پر وہ جن کا ڈائیلاسز ہو رہا ہو۔
-
تمباکو نوشی کرنے والے افراد، جنہیں روزانہ اضافی 35 ملی گرام وٹامن سی کی ضرورت پڑتی ہے۔
ماہرین بتاتے ہیں کہ تمباکو نوش افراد کے جسم میں فری ریڈیکل زیادہ بنتے ہیں، جنہیں ختم کرنے کے لیے وٹامن سی بہت ضروری ہے۔ اگر اس کی کمی ہو جائے تو اس کے اثرات تین ماہ کے اندر ظاہر ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
ایک اور اہم بات یہ ہے کہ جب کسی کے جسم پر زخم آتا ہے تو اس وقت وٹامنز کی ضرورت بڑھ جاتی ہے۔ وٹامن سی جسم میں کولاجن بنانے میں مدد دیتا ہے، جو جلد کی مرمت اور زخم بھرنے کے لیے بہت اہم پروٹین ہے۔
یہ وٹامن خون کے سفید خلیات بنانے میں بھی کردار ادا کرتا ہے، جو بیماریوں سے لڑنے میں مددگار ہوتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وٹامن سی نہ صرف مدافعتی نظام مضبوط بناتا ہے بلکہ تحقیق بتاتی ہے کہ یہ جسم کی اضافی چربی، خاص طور پر پیٹ کی چربی کو گھلانے میں بھی مددگار ہوتا ہے، جس سے جسم زیادہ طاقت ور اور صحت مند محسوس ہوتا ہے۔
ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ وٹامن سی کی کمی سے لوگ اکثر تھکاوٹ، چڑچڑاپن اور اداسی محسوس کرنے لگتے ہیں۔ اس کے برعکس، جن میں اس وٹامن کی مقدار پوری ہوتی ہے، وہ زیادہ پُرسکون اور اپنے جسم پر بہتر کنٹرول رکھتے ہیں۔