صحت July 17, 2025 Shahbaz Sayed

ڈیمینشیا کے مریضوں میں موسیقی سے حیرت انگیز بہتری: برطانوی ماہرین کا نیا مطالعہ

برطانیہ میں ڈیمینشیا کے مریضوں کی ذہنی صحت بہتر بنانے کے لیے ایک نیا تجرباتی منصوبہ شروع کیا گیا ہے، جس میں مریضوں کو موسیقی کے ذریعے تھراپی دی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ طریقہ کار نہ صرف محفوظ ہے بلکہ مؤثر بھی ثابت ہو رہا ہے۔

طبی ویب سائٹ پر شائع رپورٹ کے مطابق، برطانیہ کی انگلیا رسکن یونیورسٹی اور این ایچ ایس فاؤنڈیشن ٹرسٹ نے مشترکہ طور پر ایک منصوبہ ’’میلوڈک‘‘ (MeloDiaC) کا آغاز کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ڈیمینشیا کے مریضوں کو باقاعدگی سے موسیقی سننے، گانے اور ساز بجانے کے سیشنز میں شامل کیا جا رہا ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ جب مریض اپنی پسندیدہ موسیقی سنتے ہیں تو ان کا موڈ بہتر ہوتا ہے، چہرے پر سکون آتا ہے اور وہ زیادہ مطمئن محسوس کرتے ہیں۔

مطالعے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ جن مریضوں نے موسیقی کی تھراپی حاصل کی، ان میں غصہ، چیخنے چلانے اور الجھن جیسے رویوں میں واضح کمی دیکھی گئی۔ ان کی نیند بہتر ہوئی، ذہنی تناؤ میں کمی آئی، اور سب سے اہم بات یہ کہ اس عمل کے کسی قسم کے مضر اثرات سامنے نہیں آئے۔

ماہرین کے مطابق موسیقی کی یہ تھراپی ایک تربیت یافتہ ماہر کی نگرانی میں کی جاتی ہے اور ہر مریض اپنی پسند اور حالت کے مطابق کسی نہ کسی سرگرمی میں شامل ہوتا ہے — جیسے کہ گانے سننا یا ساز بجانا۔

تحقیق سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ موسیقی مریضوں کی ذہنی حالت پر حیرت انگیز اثر ڈالتی ہے اور یہ طریقہ علاج مریضوں اور عملے دونوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہا ہے۔