صحت July 17, 2025 Shahbaz Sayed

شام کے وقت زیادہ کھانے سے گلوکوز پراسیسنگ متاثر، ذیابیطس کا خطرہ بڑھنے لگتا ہے: ماہرین

طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شام کے وقت بھاری غذا لینے سے جسم کی گلوکوز کو پراسیس کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے، جس کے باعث ذیابیطس کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

طبی ویب سائٹ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق، وہ افراد جو شام 5 بجے کے بعد دن کی مجموعی کیلوریز کا 45 فیصد یا اس سے زیادہ حصہ کھا لیتے ہیں، ان میں گلوکوز کو مؤثر انداز میں ہضم کرنے کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے دن کا اختتام قریب آتا ہے اور سونے کا وقت قریب ہوتا ہے، جسم کا انسولین پر ردعمل بھی کمزور ہو جاتا ہے۔ ایسے وقت میں لی جانے والی بھاری غذا کے بعد بلڈ شوگر کی سطح زیادہ دیر تک بلند رہتی ہے، جو کہ ذیابیطس کے امکانات میں اضافہ کر سکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق انسان کا نظامِ ہاضمہ دن کے ابتدائی حصے میں زیادہ فعال ہوتا ہے، جب کہ رات کے وقت میٹابولزم کی رفتار کم ہو جاتی ہے کیونکہ جسم نیند کی تیاری میں ہوتا ہے۔

ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ اگر کوئی شخص رات کو کیلوریز سے بھرپور کھانا کھائے اور فوراً سو جائے، تو وہ خوراک توانائی میں تبدیل ہونے کے بجائے جسم میں چربی کی صورت میں جمع ہو جاتی ہے۔

اس حوالے سے ماہرین نے تجویز کیا ہے کہ بلڈ شوگر کنٹرول اور ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے کھانے کا وقت طے شدہ اور معتدل ہونا چاہیے۔

انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ شام 5 بجے کے بعد ہلکی اور کم مقدار میں غذا لی جائے، اور سونے سے کم از کم دو سے تین گھنٹے قبل کھانے سے گریز کیا جائے تاکہ جسم کو خوراک ہضم کرنے کا مناسب وقت مل سکے۔