“کراچی میں 5 کروڑ کی چوری: ملازمہ اور بیٹے کے خلاف ہوشربا انکشافات”

پولیس کے مطابق گزشتہ دنوں کراچی کے پوش علاقے کلفٹن، خیابان تنظیم کے ایک بنگلے میں کام کرنے والی ملازمہ شہناز اور اس کے بیٹے آصف کو چوری کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر اپنے مالکان کے پانچ کروڑ روپے چوری کرنے کا الزام ہے۔
چوری کی اس رقم پر شاہانہ زندگی گزارنے والی ملزمہ شہناز اور اس کے بیٹے آصف نے گرفتاری کے خلاف جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے گزشتہ روز دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ ایک دن کے لیے محفوظ کیا تھا، جو آج سنا دیا گیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے ملزم آصف کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت دی۔
پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات کے تحت مرکزی ملزمہ شہناز سے جیل میں تفتیش کی گئی، جس دوران اس نے تقریباً 45 لاکھ روپے کی تفصیلات فراہم کیں۔
اس کے علاوہ، ملزمہ نے 3 فلیٹس، ایک دکان، 4 گاڑیوں اور 4 موٹر سائیکلوں کی معلومات دی ہیں، تاہم چوری کی رقم سے خریدی گئی 2 گاڑیاں اور 3 موٹر سائیکلیں تاحال برآمد نہیں ہو سکیں۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزمہ نے پنجاب میں بھی ایک پراپرٹی خرید رکھی ہے جہاں اس کے ملازم اور رشتہ دار مقیم ہیں۔ پولیس کے مطابق اس کے قبضے سے 5 لاکھ 75 ہزار روپے نقد بھی برآمد ہوئے، جبکہ بینک اکاؤنٹس سے 37 لاکھ 40 ہزار روپے کی رقم نکلوائی جا چکی ہے۔
کلفٹن کے بنگلے میں کام کرنے والی شہناز، اس کے بیٹے آصف اور ملازم حماد کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ شہناز اپنے مالکان کے ہاں پندرہ سال سے ملازمت کر رہی تھی اور اسی عرصے میں اس نے مجموعی طور پر پانچ کروڑ روپے سے زائد کی رقم چوری کی۔
پولیس کے مطابق اس پیسے سے شہناز نے کراچی سمیت دیگر علاقوں میں جائیدادیں اور گاڑیاں خرید رکھی تھیں۔ وہ برانڈڈ کپڑے پہنتی تھی اور شاہانہ طرزِ زندگی گزار رہی تھی۔
اس چوری کا انکشاف اس وقت ہوا جب گھر کے مالک کو لندن میں ایک نامعلوم نمبر سے کال موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ ان کی ملازمہ پیسے چوری کر کے جائیدادیں بنا رہی ہے۔
مالک کی اہلیہ نے جب اکاؤنٹنٹ سے تفصیل پوچھی تو پانچ کروڑ روپے کی کمی کا انکشاف ہوا۔ پولیس نے پہلے آصف کو گرفتار کیا، جس کی نشاندہی پر شہناز کو بھی حراست میں لیا گیا۔ پولیس نے اس کیس میں ان کے ملازم حماد کو بھی شامل تفتیش کرتے ہوئے گرفتار کر لیا تھا۔