انٹرٹینمنٹ July 2, 2025 Shahbaz Sayed

ٹک ٹاکر کاشف ضمیر گرفتار، باوردی گارڈز کی اسلحہ نمائش پر مقدمہ درج

رپورٹ کے مطابق معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کی ویڈیوز گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی تھیں، جن میں وہ باوردی اور مسلح گارڈز کے ساتھ نظر آ رہا تھا۔

ان ویڈیوز پر ایکشن لیتے ہوئے پولیس نے تھانہ سی سی ڈی میں کاشف ضمیر اور اس کے سیکیورٹی گارڈز کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔

کاشف ضمیر پر اسلحہ کی نمائش سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق سی سی ڈی اقبال ٹاؤن نے کارروائی کرتے ہوئے کاشف ضمیر کو گرفتار کر لیا ہے۔

صرف یہی نہیں بلکہ اس کارروائی میں اس کے 13 سیکیورٹی گارڈز کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے ان گارڈز کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔

اس کارروائی کے بعد کاشف ضمیر کا اعترافِ جرم اور معافی مانگنے کا ویڈیو بیان بھی سامنے آ گیا ہے، جو سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کاشف ضمیر کو قانون کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اس سے پہلے بھی وہ مختلف مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے اور اس پر مختلف الزامات عائد کیے جا چکے ہیں۔