ناسا کی بڑی پیش رفت: NASA+ اب نیٹفلیکس پر بھی مفت دستیاب ہوگا

ناسا نے اپنے مداحوں کے لیے ایک اور زبردست خبر دی ہے۔ اب اس کی لائیو اسٹریمنگ سروس NASA+ نیٹفلیکس پر بھی براہ راست نشر کی جائے گی۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ نیٹفلیکس سبسکرائبرز راکٹ لانچز، خلا میں واک، اور انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے زمین کے حیرت انگیز مناظر بالکل مفت اور بغیر کسی اضافی چارج کے دیکھ سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ناسا کے شاندار اور تعلیمی مواد کو دنیا بھر کے 700 ملین سے زائد نیٹفلیکس صارفین تک پہنچانا ہے۔
یاد رہے کہ ناسا پہلے ہی اپنی ویب سائٹ، ایپ اور دیگر پلیٹ فارمز پر یہ ساری اسٹریمنگ بالکل مفت اور بغیر کسی اشتہار کے فراہم کر رہا تھا۔
2024 میں ناسا نے اپنا روایتی ناسا ٹی وی بند کرکے مکمل طور پر اسٹریمنگ پر توجہ مرکوز کر دی تھی۔ اب وہ جدید میڈیا پلیٹ فارمز سے خود کو مزید ہم آہنگ کر رہا ہے، تاکہ اس کے مشنز زیادہ لوگوں تک پہنچ سکیں۔
ناسا حکام کے مطابق نیٹفلیکس جیسا عالمی پلیٹ فارم اس کے سائنسی مشنز کو دنیا بھر میں مقبول بنانے کے ساتھ ساتھ لوگوں میں تعلیم اور خلائی تحقیق کا شوق بھی بڑھائے گا۔
نیٹفلیکس ایپ میں NASA+ چینل پر سبسکرائبرز یہ مواد سائنس اور فکشن اسٹریمنگ کے ساتھ بہت آسانی سے دیکھ سکیں گے، جو خلا کے راز جاننے والوں کے لیے ایک شاندار موقع ہوگا۔