ومبلڈن اوپن میں جینک سنر اور جوکووچ کی فاتحانہ شروعات – دیگر کھلاڑی بھی دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے

رواں سال کے آسٹریلین اوپن چیمپئن اٹلی کے جینک سنر نے ومبلڈن اوپن میں شاندار آغاز کیا۔
انہوں نے اپنے ہی ہم وطن لوکا نارڈی کے خلاف بہت عمدہ کھیل پیش کیا اور اسٹریٹ سیٹس میں 4-6، 3-6 اور 0-6 سے با آسانی شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ سنر نے نہ صرف ایونٹ کا کامیاب آغاز کیا بلکہ دوسرے راؤنڈ میں بھی کوالیفائی کرلیا۔
ادھر سربیا کے عظیم ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے بھی اپنے 25ویں گرینڈ سلم ٹائٹل کے حصول کی مہم کا فاتحانہ انداز میں آغاز کر دیا ہے۔
جوکووچ نے مینز سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں فرانس کے الیگزینڈر مولر کے خلاف زبردست کارکردگی دکھائی۔ اس میچ میں انہوں نے 1-6، 7-6، 2-6 اور 2-6 سے فتح حاصل کی اور اس کامیابی کے ساتھ وہ بھی ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔
پہلے راؤنڈ کے دیگر میچز بھی خاصے دلچسپ رہے۔ انگلینڈ کے جیک الیگزینڈر ڈریپر، امریکا کے ٹومی پال اور بینجمن ٹوڈ شیلٹن، آسٹریلیا کے ایلکس ڈی مینور اور وائلڈ کارڈ انٹری پر کھیلنے والے برطانوی کھلاڑی ڈین ایوانز نے بھی اپنے اپنے میچ جیت کر دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
یہ بھی یاد رہے کہ اس سال کا تیسرا گرینڈ سلم، ومبلڈن اوپن، انگلینڈ میں جاری ہے۔ ٹینس کے شائقین کو اس ایونٹ میں بہت سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
تمام میچز اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست نشر کیے جا رہے ہیں، تاکہ شائقین گھر بیٹھے بھی اس ٹورنامنٹ کا مکمل لطف اٹھا سکیں۔