انٹرٹینمنٹ June 21, 2025 Shahbaz Sayed

“سچّی محبت مہنگے گلدستوں سے نہیں ناپی جاتی” — نعمان اعجاز کا سوشل میڈیا پر وی لاگر کو جواب

پاکستانی سینئر اداکار نعمان اعجاز نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو پر سخت ردعمل دیا ہے، جس میں ایک وی لاگر نے اپنی اہلیہ کو لاکھوں روپے کا گلدستہ تحفے میں دیا۔

یہ ویڈیو نہ صرف وائرل ہوئی بلکہ اس پر مختلف طبقہ فکر کے افراد نے رائے بھی دی۔

اسی ضمن میں اداکار نعمان اعجاز نے انسٹاگرام اسٹوری پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس عمل کو “نان سینس” قرار دیا۔

انہوں نے سوشل میڈیا صارفین، خاص طور پر خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ “میری بہنوں، برائے مہربانی اپنے شوہر یا بوائے فرینڈ سے اس قسم کی بے وقوفانہ توقعات نہ رکھیں۔”

اداکار نے واضح کیا کہ “یہ صرف سوشل میڈیا کانٹینٹ ہے، اصل محبت نہیں۔”

اپنی اسٹوری میں مزید لکھا کہ “اب غریب معصوم لوگ پھر بھگتیں گے”، گویا اس طرح کی نمائش عام لوگوں پر معاشی اور ذہنی دباؤ ڈالتی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ “یاد رکھیں، اصل رشتے کا مطلب یہ نمائشی چیزیں یا سوشل میڈیا ٹرینڈز نہیں ہوتے۔”

نعمان اعجاز کے مطابق، “اصل رشتہ عزت، سچائی اور گہرے کنکشن سے بنتا ہے، نہ کہ لاکھوں روپے کے گلدستوں سے۔”