“اداکاری میں صرف چمک دمک نہیں، منفی رویے بھی ہیں” — ریحام رفیق کا انکشاف

اداکارہ ریحام رفیق نے ایک حالیہ انٹرویو میں نئی آنے والی لڑکیوں کو شوبز میں قدم رکھنے سے پہلے خبردار کیا ہے کہ وہ اس شعبے کے چیلنجز اور خطرات کو اچھی طرح سمجھ لیں۔ ان کا کہنا تھا، “یہاں صرف مقابلہ نہیں ہوتا، بعض اوقات رویے بھی کافی منفی ہو سکتے ہیں۔”
انہوں نے پروگرام کی میزبان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ انڈسٹری میں مقابلے کا ماحول تو عام سی بات ہے، لیکن بعض اوقات یہ مسابقت حسد اور سازشوں کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔ ریحام کا کہنا تھا، “میں خود تو کبھی کسی سے مقابلے یا موازنہ پر یقین نہیں رکھتی، لیکن میں نے کئی بار دیکھا ہے کہ کچھ فنکارائیں حسد کی وجہ سے دوسروں کے راستے میں رکاوٹیں ڈالتی ہیں۔”
ان کا کہنا تھا کہ صرف شوبز ہی نہیں، بلکہ تقریباً ہر پیشہ ور شعبے میں خواتین کو غیر محفوظ حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا، “ہر لڑکی کو ذہنی طور پر مضبوط ہونا چاہیے اور اسے یہ معلوم ہونا چاہیے کہ خود کو کیسے محفوظ رکھنا ہے۔”
ریحام نے کہا کہ اس انڈسٹری میں ہر قسم کے لوگ ہوتے ہیں — اچھے بھی اور برے بھی — لیکن اصل بات یہ ہے کہ آپ خود کیا راستہ چنتے ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ان کے ساتھ ذاتی طور پر کوئی برا واقعہ پیش نہیں آیا، لیکن وہ مجموعی طور پر ڈرامہ انڈسٹری کو خواتین کے لیے ایک غیر محفوظ جگہ سمجھتی ہیں۔