ویزہ اسکینڈل: اہم عہدیداران کو عہدوں سے ہٹانے اور نئی تقرریوں کا نوٹیفکیشن جاری

ذرائع کے مطابق، ویزہ اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے شبہ میں متعدد افسران کو ان کے عہدوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ داخلہ نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ڈپٹی سیکریٹری ویزا سیکشن شریں حنا اصغر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ شفقت علی چاچٹر کو ان کی جگہ نیا ڈپٹی سیکریٹری ویزا مقرر کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح جوائنٹ سیکریٹری ایف آئی اے سیکشن عدنان ارشد اولک کو بھی ان کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا ہے، جن کی جگہ اب فلائٹ لیفٹیننٹ عاصم ایوب کو بطور جوائنٹ سیکریٹری ایف آئی اے تعینات کر دیا گیا ہے۔
اس اسکینڈل کے تناظر میں اب تک چار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ گرفتار ملزمان میں ایف آئی اے کے دو اہلکار بھی شامل ہیں، جن میں سب انسپکٹر وسیم احمد اور کانسٹیبل عاقب محمود شامل ہیں۔
یہ دونوں اہلکار اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد میں تعینات تھے اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے دورانِ جسمانی ریمانڈ گرفتار ملزم زبیر سے 20 لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی۔ اہلکاروں نے مبینہ طور پر یہ رشوت جوڈیشل ریمانڈ میں سہولت فراہم کرنے کے بدلے طلب کی تھی۔
واضح رہے کہ یہ پورا معاملہ افغان شہریوں کو غیر قانونی ای ویزا جاری کرنے سے متعلق ہے، جس میں ابتدائی طور پر کرپشن، رشوت، اور اختیارات کے ناجائز استعمال جیسے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔
وزارت داخلہ نے موجودہ صورت حال کے پیش نظر مزید تحقیقات کا دائرہ وسیع کرنے اور سخت اقدامات اٹھانے کا عندیہ دیا ہے تاکہ ویزا نظام میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنایا جا سکے۔