پاکستان July 18, 2025 Shahbaz Sayed

اسلام آباد میں چینی کی قیمت مقرر، مہنگے داموں فروخت پر کریک ڈاؤن کا اعلان

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے نئی سرکاری قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹیل سطح پر چینی کی قیمت 172 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ ایکس مل سطح پر قیمت 165 روپے فی کلو طے کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں واضح طور پر تنبیہ کی گئی ہے کہ اگر کسی بھی دکاندار یا تاجر نے ان مقررہ قیمتوں سے زائد نرخ پر چینی فروخت کی، تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ریٹ لسٹ سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن شروع کیا جائے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی دکان پر چینی مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہو، تو اس کی فوری نشاندہی کریں تاکہ کارروائی کی جا سکے۔

ادھر، چینی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے حکومت نے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر چینی کی ڈی ریگولیشن کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جو آئندہ 30 دنوں میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

اس کمیٹی کی صدارت وزیر توانائی کریں گے، جبکہ وزارتِ صنعت کے سیکریٹری کنوینر ہوں گے۔ دیگر ارکان میں وزیر خزانہ، وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور وزیر اقتصادی امور شامل ہیں۔

کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ چینی کی پیداوار، درآمد، برآمد، قیمتوں، سبسڈی اور ذخیرہ اندوزی سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر قابلِ عمل پالیسیاں مرتب کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ کسانوں، صارفین، صنعتکاروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کی جائے گی تاکہ پالیسی شفاف اور مؤثر ہو۔

مزید برآں، کمیٹی کی ذمہ داری میں یہ بھی شامل ہوگا کہ وہ صارفین کے تحفظ، قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے خطرات اور نجکاری کے شفاف طریقہ کار کے لیے واضح اور جامع تجاویز پیش کرے۔