سیاست July 3, 2025 Shahbaz Sayed

“جمہوریت میں مذاکرات ضروری، رانا ثنااللہ کا بیان – شرمیلا فاروقی کی تنقید”

وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ جمہوریت میں مذاکرات سے معاملات حل ہوتے ہیں، ڈیڈلاک سے نہیں۔ نواز شریف مذاکرات کے حق میں ہیں، بجٹ والے دن بھی وزیراعظم نے مذاکرات کی بات کی۔

مشیر وزیراعظم رانا ثنااللہ نے کہا کہ ملک کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے، تمام سیاسی جماعتیں چارٹر آف اکانومی پر مطمئن ہوجائیں۔

گزشتہ دنوں رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ جیل میں بند کسی فرد سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ اگر مذاکرات کرنے ہیں تو بیرسٹر گوہر اور دوسرے سینئر رہنماؤں کو حکومت سے کرنا ہوں گے۔

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے قاضی فائز عیسیٰ کو انتہا تک پہنچا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو حق ہے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی کوشش کریں، لیکن وہ تحریک جو عوام کی پریشانی کا باعث بنے، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جس طرح کی تحریک چلاتے ہیں ویسے نہیں چل سکتیں۔ حکومتوں کے خلاف تحریکیں خود بخود چلتی ہیں اور کامیاب بھی ہوتی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی اپنے کارکنان کے لیے مشکلات پیدا کریں گے۔

دریں اثنا اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں مختلف دھڑے بن چکے ہیں۔ پی ٹی آئی صوبائی سطح پر بالکل بھی ڈیلیور نہیں کر سکی، پی ٹی آئی کے اپنے ایم پی ایز ان سے بیزار ہیں۔

شرمیلا فاروقی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن جماعتوں کا حق ہوتا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کو سوات واقعے کے بعد ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔