سیاست July 2, 2025 Shahbaz Sayed

پی ٹی آئی کی کے پی حکومت بچانے کی کوشش، مولانا فضل الرحمان سے مدد کی درخواست

تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ خیبرپختونخوا میں حکومت بچانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) متحرک ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے درخواست کی ہے کہ وہ صوبائی حکومت کو گرانے کے عمل میں شامل نہ ہوں۔

اس معاملے پر ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کو صاف جواب دے دیا ہے کہ انہیں کے پی حکومت گرانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

مولانا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ صوبے میں گورننس پر توجہ دے اور اپنی کارکردگی بہتر بنائے۔

جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے بھی اس رابطے کی تصدیق کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ موجودہ اسمبلیاں بشمول خیبرپختونخوا کی اسمبلی، حقیقی مینڈیٹ کی حامل نہیں ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جماعت کو نہ وفاق میں آنے کی دلچسپی ہے اور نہ صوبائی حکومت میں، بلکہ ان کا مؤقف ہے کہ ملک میں صاف، شفاف اور غیرجانبدارانہ نئے انتخابات ہونے چاہئیں۔

مولانا نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال، کرپشن اور گورننس کے مسائل سنگین ہیں، اور پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ صوبے کے حالات کو دیکھ کر دانشمندانہ فیصلے کرے۔

ادھر سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے، تاہم پی ٹی آئی کی مجموعی قیادت اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے معاملے پر الگ الگ بات چیت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے ماضی میں مولانا فضل الرحمان کے بارے میں نازیبا گفتگو کی ہے، اس لیے ان کے حوالے سے جے یو آئی کا مؤقف الگ ہوگا۔