کھیل June 22, 2025 Shahbaz Sayed

🇮🇷 کراٹے چیمپئن ہیلینا غولامی اسرائیلی حملے میں شہید، ایران بھر میں سوگ

تہران: ایرانی کراٹے فیڈریشن نے نوجوان اور باصلاحیت کراٹے کھلاڑی ہیلینا غولامی کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کی ناگہانی موت نے کھیلوں کے حلقے اور نوجوانوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔

ہیلینا غولامی صرف ایک کھیلوں کی چیمپئن نہیں تھیں بلکہ وہ ایرانی نوجوانوں کے لیے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی تھیں۔ ان کی شہادت کو ایک قومی نقصان قرار دیا جا رہا ہے، جس پر ایران بھر میں کھیلوں سے وابستہ افراد، کوچز، اور شائقین گہرے رنج و الم کا اظہار کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 13 جون 2025 کو اسرائیل نے ایران کے خلاف فضائی حملوں کا آغاز کیا تھا، جن میں مختلف شہروں اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کا وقت اس لحاظ سے بھی اہم تھا کہ اسی دوران ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری معاہدے پر مذاکرات جاری تھے۔

ایرانی حکومت کے ترجمان کے مطابق اب تک ان حملوں میں کم از کم 224 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 74 خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی تعداد 1,800 سے تجاوز کر چکی ہے۔

ہیلینا غولامی کی شہادت نے ایرانی عوام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، جہاں ایک طرف وہ ملکی دفاع اور خودمختاری کے لیے قربانی کی علامت بن گئیں، وہیں ان کی موت نے بین الاقوامی برادری کی خاموشی پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں