ڈیجیٹل اسکرینز پر طویل وقت گزارنا ذہنی و جسمانی صحت کے لیے خطرہ، ماہرِ نفسیات کی وارننگ

طویل وقت تک موبائل فون یا کمپیوٹر اسکرینز پر نظریں جمائے رکھنے سے آنکھوں میں تناؤ پیدا ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں خشکی، جلن اور دھندلا دیکھنے جیسی شکایات جنم لیتی ہیں۔
ماہرِ نفسیات ڈاکٹر ثناء حسین کے مطابق، مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر گھنٹوں گزارنے سے صرف آنکھوں ہی نہیں بلکہ دماغ اور جسم پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس عادت کے باعث گردن اور سر میں درد، آنکھوں میں چبھن، چڑچڑاپن اور بعض اوقات افسردگی کی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔
ڈاکٹر ثناء کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے یہ علامات معمولی سمجھ کر اکثر نظر انداز کر دی جاتی ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید بگڑ سکتی ہیں۔
اگر بروقت ان پر توجہ نہ دی جائے تو متاثرہ فرد انزائیٹی، ڈپریشن اور دیگر ذہنی بیماریوں میں مبتلا ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ اسکرین پر کام کرتے وقت بہتر ہے کہ توجہ صرف ایک کام یا موضوع پر مرکوز رکھی جائے۔
بغیر مقصد ویڈیوز یا مختلف موضوعات پر تیز رفتاری سے مواد دیکھنے سے دماغ پر غیر ضروری دباؤ پڑتا ہے، کیونکہ انسانی ذہن ہر چیز کو فوراً محفوظ نہیں کر پاتا۔
ڈاکٹر ثناء نے کہا کہ تمام معلومات ایک ہی وقت میں حاصل کرنے کی کوشش نہ کریں بلکہ ہر سرگرمی کے لیے وقت مقرر کریں۔
انہوں نے تجویز دیا کہ روزمرہ معمولات میں خود پر توجہ دینا، ہلکی پھلکی ورزش، خاموشی سے کھانا کھانا اور تنہائی کے لمحات ذہنی سکون کے لیے نہایت مؤثر ہیں۔
اگر آپ کو کسی کام پر توجہ مرکوز کرنے میں مشکل ہو، بات چیت میں رکاوٹ پیش آ رہی ہو، یا ہر وقت مایوسی اور نااُمیدی کا احساس ہو رہا ہو، تو یہ خطرے کی علامات ہیں۔
ایسی صورت میں فوری طور پر کسی ماہرِ ذہنی صحت سے رجوع کرنا چاہیے