صحت June 20, 2025 Shahbaz Sayed

کورونا کے نمبس ویرینٹ اور منکی پاکس کے نئے خطرے پر ماہرین کی وارننگ

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق، ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ “نمبس” اپنی علامات کے لحاظ سے پہلے سے موجود ویرینٹس جیسا ہی ہے۔

علامات میں زکام جیسی کیفیت، تھکن، سردرد، بدن درد، بخار، گلا خراب ہونا، کھانسی، سانس لینے میں دشواری، متلی یا الٹی جیسی علامات شامل ہیں۔

تاحال ایسے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے کہ یہ ویرینٹ زیادہ شدید بیماری کا باعث بن رہا ہے۔

تاہم ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ اس ویرینٹ کی تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نمبس ویرینٹ میں امیون ایسکیپ دیکھی گئی ہے، یعنی یہ مدافعتی نظام سے کسی حد تک بچ نکلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس وجہ سے موجودہ ویکسینز کی افادیت پر کچھ اثر پڑ سکتا ہے۔

تاہم چونکہ یہ ویرینٹ اب بھی اومیکرون خاندان سے تعلق رکھتا ہے، اس لیے ویکسین مکمل طور پر غیر مؤثر نہیں ہوئی۔

دوسری جانب، گزشتہ برس اسکینڈینیوین ملک سوئیڈن میں منکی پاکس کے ایک نئے ویرینٹ کا پہلا کیس رپورٹ ہوا۔

سوئیڈش پبلک ہیلتھ ایجنسی کے مطابق، اسٹاک ہوم میں ایک شخص میں منکی پاکس کے نئے ویرینٹ کی تصدیق ہوئی، جو حال ہی میں ایک افریقی ملک کا سفر کر کے آیا تھا۔

خبر ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ یہ “ایم پاکس کلیڈ ون بی” ویرینٹ کانگو میں ستمبر 2023 سے پھیل رہا ہے۔

افریقی ممالک سے باہر یہ اس ویرینٹ کا پہلا تصدیق شدہ کیس ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت (WHO) نے ایم پاکس کو عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دے دیا ہے۔

کانگو میں اس ویرینٹ کے پھیلاؤ کے بعد اب تک 548 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

مزید یہ کہ کورونا کے نئے ویرینٹ کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے، جو ویکسین کی مؤثریت اور مستقبل کی حکمت عملی پر رپورٹ تیار کرے گی۔