کھیل July 17, 2025 Shahbaz Sayed

پاک بھارت کشیدگی نے ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان کی شرکت مشکوک بنا دی

پاک بھارت کشیدگی کے باعث ہاکی ایشیا کپ 2024 میں پاکستانی ٹیم کی شرکت خطرے میں پڑ گئی ہے، جس سے گرین شرٹس کے ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کا خواب چکنا چور ہو سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم کی بھارت روانگی اور ایشیا کپ میں شرکت کے لیے وفاقی حکومت سے این او سی کی درخواست کی تھی، تاہم حکومت نے اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ اس کے بعد ٹیم کی جانب سے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔

دوسری جانب بھارتی حکومت نے پاکستان ہاکی ٹیم کو ویزے جاری کرنے کی منظوری دے دی تھی، تاہم بھارتی میڈیا میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا جاری رہا۔ سوشل میڈیا پر شدت پسند حلقوں کی جانب سے کھلاڑیوں کو ملنے والی دھمکیوں کے باعث سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے اس معاملے پر دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے نہ صرف ایشیا کپ کے لیے این او سی دینے سے انکار کیا، بلکہ یہ بھی واضح کر دیا کہ رواں سال پاکستان کی کوئی بھی کھیلوں کی ٹیم بھارت نہیں بھیجی جائے گی۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ہاکی ایشیا کپ 25 اگست سے 7 ستمبر تک بھارت میں شیڈول ہے، اور یہ ٹورنامنٹ ہاکی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کی حیثیت رکھتا ہے۔

اگر پاکستان ٹیم ایشیا کپ میں شرکت سے دستبردار ہو گئی تو سابق عالمی چیمپئن گرین شرٹس ایک مرتبہ پھر ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم رہ جائیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایشیا کپ کو کسی غیر جانبدار مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آ چکا ہے۔