کھیل July 17, 2025 Shahbaz Sayed

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025: عمر امین پاکستان چیمپئنز کے لیے ڈیبیو کریں گے

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے 2025 ایڈیشن کا آغاز 18 جولائی سے ہو رہا ہے، جس میں پاکستان چیمپئنز نئی قیادت اور تبدیل شدہ اسکواڈ کے ساتھ شرکت کرے گی۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم اپنا افتتاحی میچ برمنگھم کے ایجبسٹن اسٹیڈیم میں انگلینڈ چیمپئنز کے خلاف کھیلے گی۔

پاکستان چیمپئنز نے سیزن ٹو کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں پچھلے ایڈیشن کے مقابلے میں کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سابق کپتان مصباح الحق اور یونس خان اب اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

اس بار ٹیم میں سابق کپتان سرفراز احمد، فاسٹ بولر رومان رئیس اور مڈل آرڈر بیٹر عمر امین کو شامل کیا گیا ہے۔ عمر امین اس ایونٹ میں پاکستان چیمپئنز کی جانب سے اپنا ڈیبیو کریں گے۔

محمد حفیظ ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ اسکواڈ میں دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں شعیب ملک، صہیب مقصود، شرجیل خان، شاہد آفریدی، آصف علی، عامر یامین، وہاب ریاض، سہیل تنویر اور سہیل خان شامل ہیں۔

افتتاحی سیزن میں پاکستان چیمپئنز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کو شکست دی تھی۔

ایونٹ کے دوران سب کی نظریں 20 جولائی کو ایجبسٹن میں ہونے والے روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ پر مرکوز ہوں گی۔

پاکستان چیمپئنز اسکواڈ (سیزن 2):
محمد حفیظ (کپتان)، شعیب ملک، صہیب مقصود، عمر امین، شرجیل خان، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، شاہد آفریدی، آصف علی، عامر یامین، وہاب ریاض، رومان رئیس، سہیل تنویر، سہیل خان۔