فاسٹ بولر یش دیال پر جنسی استحصال کا الزام، عدالت نے گرفتاری سے روک دیا

بھارتی میڈیا کے مطابق رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے فاسٹ بولر یش دیال کے خلاف ایک خاتون کی جانب سے جنسی استحصال کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق خاتون نے الزام لگایا ہے کہ فاسٹ بولر نے پانچ سالہ تعلق کے دوران نہ صرف جسمانی اور ذہنی تشدد کیا، بلکہ شادی کا جھانسہ دے کر مالی استحصال بھی کیا۔
اس سلسلے میں خاتون کی شکایت پر 6 جولائی کو یش دیال کے خلاف غازی آباد میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی، جس کے بعد مقدمہ باقاعدہ طور پر رجسٹر کر لیا گیا۔
الہ آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ “آپ ایک دو دن کسی کو بے وقوف بنا سکتے ہیں، مگر پانچ سال تک کوئی کسی کو کیسے بیوقوف بنا سکتا ہے؟”
عدالت نے اس مقدمے میں اگلی سماعت تک پولیس کو یش دیال کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو یش دیال کو 10 سال قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس واقعے نے بھارتی کرکٹ حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے شدید ردِعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔