انٹرٹینمنٹ July 15, 2025 Shahbaz Sayed

ہمایوں سعید کا انکشاف: کیریئر کے آغاز سے ہی تنقید کا سامنا رہا

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور پروڈیوسر ہمایوں سعید نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنے طویل کیریئر کے دوران ملنے والی مسلسل تنقید اور نفرت پر کھل کر بات کی ہے۔

پی ٹی وی کے ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں سعید نے بتایا کہ انہیں کیریئر کے آغاز سے ہی تنقید کا سامنا رہا، اور یہ سلسلہ ان کی پہلی فلم سے ہی شروع ہوگیا تھا۔

ہمایوں سعید نے بتایا کہ جب انہوں نے اپنی پہلی فلم انتہا کی، تو لوگوں نے ان کی عمر پر اعتراض کیا اور طنز کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالانکہ میں اس وقت واقعی کالج میں پڑھ رہا تھا، پھر بھی کہا گیا کہ میں کالج کے لڑکے کے کردار کے لیے بوڑھا لگتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک آرٹیکل میں یہاں تک لکھا تھا کہ ہمایوں سعید اپنے کردار کے لیے بہت بڑے لگتے ہیں۔ ہنستے ہوئے انہوں نے کہا کہ دراصل میں کبھی لڑکا نظر آیا ہی نہیں، ہمیشہ آدمی ہی لگتا تھا، چاہے عمر کچھ بھی رہی ہو۔

واضح رہے کہ ہمایوں سعید آج پاکستان شوبز انڈسٹری کے سب سے کامیاب اور بڑے ناموں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کے کریڈٹ پر کئی سپرہٹ ڈرامے اور فلمیں ہیں، جن میں میرے پاس تم ہو، دل لگی، پنجاب نہیں جاؤں گی، محبتوں کے سلسلے اور دیگر مقبول پروجیکٹس شامل ہیں۔

ان کی حالیہ فلم لوگرو نے باکس آفس پر 77 کروڑ روپے کا شاندار بزنس کرکے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے ہیں، جس سے ان کی سپر اسٹار حیثیت مزید مستحکم ہوگئی ہے۔