پاکستان July 14, 2025 Shahbaz Sayed

“پٹرول پھر مہنگا ہونے کی تیاری – عوام پر نئی مہنگائی کی تلوار لٹکنے لگی”

تفصیل کچھ یوں ہے کہ حکومت نے اس بار بھی پیٹرول کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافے کی تیاری کر لی ہے، جس سے پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر ابتدائی ورکنگ تیار کر لی گئی ہے۔
رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ اس ورکنگ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 60 پیسے فی لیٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں بھی 5 روپے 27 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تاہم کچھ مصنوعات میں معمولی ریلیف کی توقع ہے۔
مٹی کا تیل 3 روپے 74 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) 2 روپے 23 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی سمری کل بھیجی جائے گی۔
اس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نئی قیمتوں کی حتمی منظوری دیں گے، اور وزارتِ خزانہ باقاعدہ اعلان کرے گی۔
یہ نئی قیمتیں آئندہ 15 روز کے لیے نافذ العمل ہوں گی۔

یاد رہے کہ یکم جولائی کو بھی وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 266 روپے 89 پیسے فی لیٹر ہو گئی تھی۔
ایسے میں عوام پہلے ہی مہنگائی کی مار سہہ رہے ہیں اور اب اس ممکنہ اضافے نے مزید تشویش پیدا کر دی ہے۔