“رحیم یار خان میں کھلے مین ہول نے 7 سالہ بچے کی جان لے لی – مقدمہ درج”

تفصیل کچھ یوں ہے کہ رحیم یار خان کے علاقے نیازی کالونی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک 7 سالہ معصوم بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جان کی بازی ہار گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق، اس بچے کا نام حارث تھا، جو اپنے بھائی کے ساتھ گھر سے قریب کی دکان پر کچھ لینے گیا تھا۔
بدقسمتی سے وہ واپسی پر مین ہول میں جا گرا اور تین گھنٹے کی طویل کوششوں کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے اسے باہر نکالا۔
بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔
اس افسوسناک حادثے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ اہلِ محلہ نے بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے مین ہول کا ڈھکن خود ہٹا دیا تھا، مگر بعد میں اسے واپس نہیں رکھا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے باقاعدہ کمیٹی بنا دی گئی ہے اور جو بھی ذمہ دار ٹھہرے گا، اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔
دوسری جانب اس واقعے پر مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، مین ہول کا ڈھکن ہٹانے والے شہری محمد فہیم کے خلاف میونسپل کمیٹی کی مدعیت میں ایف آئی آر کاٹی گئی ہے۔
ایف آئی آر میں الزام ہے کہ اس شخص نے ذاتی مقصد کے لیے گٹر کا ڈھکن ہٹایا اور واپس نہیں رکھا، جس کی وجہ سے یہ المناک حادثہ پیش آیا اور معصوم بچہ اپنی جان سے گیا۔