چین نے ’بلیک آؤٹ بم‘ کی ویڈیو جاری کر دی – بجلی گھروں کو مفلوج کرنے والا ہتھیار

تفصیلات کے مطابق چین نے ایسا ہتھیار متعارف کرایا ہے جسے بجلی گھروں اور پاور گرڈز کو مفلوج کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے اس ’بلیک آؤٹ بم‘ کی ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں اس ہتھیار کی جھلک دکھائی گئی ہے۔
ویڈیو میں بتایا گیا کہ یہ دراصل ایک گرافائٹ بم ہے، جو فضا میں 90 کے قریب چھوٹے کیپسول خارج کرتا ہے۔ یہ کیپسول زمین سے ٹکرا کر دوبارہ اچھلتے ہیں اور فضا میں پھٹ کر انتہائی باریک کاربن فائبرز بکھیرتے ہیں۔
یہ کاربن فائبرز ہائی وولٹیج پاور سسٹمز میں شارٹ سرکٹ پیدا کر دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں پورے علاقے کی بجلی منقطع ہو جاتی ہے اور پورا علاقہ اندھیرے میں ڈوب سکتا ہے۔
ویڈیو میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ یہ ہتھیار دشمن کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز کو مفلوج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور تقریباً 10 ہزار مربع میٹر تک کے بجلی کے انفراسٹرکچر کو ناکارہ بنا سکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سی سی ٹی وی نے اس ہتھیار کی اصل شناخت، ماڈل یا نام کی تفصیل نہیں دی اور بس اتنا کہا کہ یہ ایک ’پراسرار قسم کا مقامی ساختہ میزائل‘ ہے۔
واضح رہے کہ اس طرح کے گرافائٹ بم پہلے بھی استعمال ہو چکے ہیں۔ ماضی میں امریکی فوج نے عراق اور سربیا میں بجلی گھروں اور پاور انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے کے لیے اسی طرح کے ہتھیاروں کا استعمال کیا تھا۔