دنیا July 2, 2025 Shahbaz Sayed

جاپان جانے والی پرواز میں ہنگامی صورتحال، طیارہ 26 ہزار فٹ نیچے آیا – مسافروں نے الوداعیہ پیغامات لکھ ڈالے

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان جانے والی ایک بوئنگ 737 پرواز اس وقت خطرناک صورتحال سے دوچار ہو گئی جب شنگھائی سے ٹیک آف کے فوراً بعد طیارے میں ٹیکنیکل خرابی پیدا ہو گئی۔

یہ پرواز جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کی طرف روانہ تھی۔ اچانک پیش آنے والی خرابی کے باعث طیارہ تیزی سے نیچے کی طرف آنے لگا، جس پر مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

رپورٹس کے مطابق طیارہ 26 ہزار فٹ کی بلندی سے صرف 10 منٹ میں نیچے لایا گیا۔ اس دوران کیبن میں شدید گھبراہٹ کی فضا پیدا ہو گئی۔ کچھ مسافروں نے اپنے موبائل فون پر سوشل میڈیا پر آخری پیغامات شیئر کیے، جبکہ کئی افراد نے وصیتیں تک لکھ ڈالیں۔

ایک مسافر کا کہنا تھا:

“میرا جسم اب بھی یہیں ہے، لیکن میرے پیر کانپ رہے ہیں۔ جب زندگی یا موت کا سامنا ہوتا ہے تو باقی سب کچھ بے معنی لگتا ہے۔”

اس بوئنگ طیارے میں جاپانی ایئرلائن کے مطابق 191 مسافر سوار تھے، جبکہ عملہ ملا کر یہ تعداد تقریباً 200 ہو جاتی ہے۔

جاپانی حکومت کے مطابق یہ تکنیکی خرابی کیبن پریشر سے متعلق تھی، جس پر پائلٹ اور عملہ فوری ایکشن میں آیا۔ ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطے کے بعد طیارے کو نیچے لایا گیا، اور خوش قسمتی سے لینڈنگ بحفاظت ممکن ہوئی۔

حادثے کے بعد جاپان ایئرلائن نے تمام مسافروں سے افسوس کا اظہار کیا اور ہرجانے کے طور پر ہر مسافر کو تقریباً 10 ہزار جاپانی ین (پاکستانی روپے میں تقریباً 20–25 ہزار) ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔

یاد رہے کہ چند دن قبل دبئی سے کراچی آنے والی ایک پرواز بھی بڑے حادثے سے بال بال بچی تھی۔