“حافظ نعیم الرحمان اور پی ٹی آئی کا مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر سخت ردعمل”

-
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کا حق تھیں، اور اس معاملے میں ایک اصولی سیاست ہے جبکہ دوسری صرف وصولی کی سیاست ہے۔
-
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ افسوسناک ہے۔
-
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کی بندر بانٹ کر دی گئی ہے، اور اصولی سیاست کرنے والی جماعتوں کو ایسی نشستیں لینے سے انکار کرنا چاہیے۔
-
انہوں نے الزام لگایا کہ کراچی میں ہماری میئرشپ پر ڈاکہ ڈالا گیا، اور عام انتخابات میں بھی ہماری جیتی ہوئی سیٹیں ہم سے چھین لی گئیں۔
-
حافظ نعیم نے کہا کہ میں خود چند ووٹوں سے اپنی سیٹ ہارا تھا لیکن مجھے جتوا دیا گیا، سوال یہ ہے کہ اس اقتدار کی میوزیکل چیئر میں اقدار کہاں ہیں؟
-
گزشتہ روز بھی انہوں نے کہا تھا کہ مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کا فیصلہ افسوسناک ہے اور اس سے ہائبرڈ نظام مزید مضبوط ہوگا۔
-
ان کے مطابق اس فیصلے نے عدالتی نظام کی ساکھ پر بڑا سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
-
پی ٹی آئی نے اس فیصلے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر ہمارے آئینی حق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔
-
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال سپریم کورٹ نے آئین کی روشنی میں فیصلہ دے کر ان نشستوں کے حق کو تسلیم کیا تھا، لیکن آج کا فیصلہ انصاف کی روح کے خلاف ہے۔
-
پارٹی نے کہا کہ ہماری مخصوص نشستوں کو مالِ غنیمت کی طرح بانٹ دیا گیا ہے، پہلے ہمارا انتخابی نشان چھینا گیا اور اب مخصوص نشستوں کا حق بھی۔
-
پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم پر ہر دروازہ بند کر دیا گیا ہے، لیکن ہمارے دل اور زبان پر تالے نہیں لگائے جا سکتے۔
-
پارٹی نے کہا کہ ہم انصاف کے نظام سے ناامید ہو چکے ہیں، مگر عوام سے نہیں، اور آج بھی ہماری ایک امید باقی ہے اور وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ہیں۔