کراچی میں بارش، میئر مرتضیٰ وہاب کا رات گئے دورہ، نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ

-
تفصیلات کے مطابق کراچی میں چند گھنٹے پہلے ہونے والی بارش کے پہلے اسپیل کے دوران میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب رات گئے شہر کے مختلف علاقوں میں نکلے۔
-
اس دوران انہوں نے نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا اور عملے کی کارکردگی چیک کی۔
-
میڈیا سے بات کرتے ہوئے میئر کراچی نے بتایا کہ بارش کے بعد شہر کی زیادہ تر مرکزی سڑکیں کلیئر ہیں۔
-
ان کا کہنا تھا کہ کہیں سے بھی پانی جمع ہونے کی کوئی خاص شکایت موصول نہیں ہوئی۔
-
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کے ایم سی کی ٹیمیں اہم سڑکوں پر موجود رہیں۔
-
انہوں نے مثال دی کہ گرو مندر پر تھوڑا پانی جمع ہوا تھا مگر کے ایم سی کی ٹیموں نے وہاں نکاسی کا کام مکمل کر لیا۔
-
انہوں نے کہا کہ شارع فیصل، سر شاہ سلیمان، آئی آئی چندریگر روڈ، ایم اے جناح روڈ، نرسری اور طارق روڈ سب کلیئر ہیں۔
-
ان کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کی ٹیمیں مشینری کے ساتھ متحرک رہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ شہر میں بارش کا پانی جمع نہ ہونے پائے۔
-
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی میں مون سون سسٹم کے اثرات کے تحت جمعہ سے اتوار کے دوران بارش ہو سکتی ہے۔
-
محکمہ موسمیات کے ماہر انجم نذیر نے بتایا تھا کہ ہفتے کے دن تیز بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔
-
جبکہ اتوار کو بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔