“وزیراعظم شہباز شریف کا متوقع دورہ چین: شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کا امکان”

اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورۂ چین کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اس دورے کے لیے پاکستان کی وزارتِ خارجہ اور چینی وزارتِ خارجہ کے درمیان رابطے جاری ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا یہ اہم دورہ اگست میں متوقع ہے، جس کے شیڈول کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
اس دوران وزیراعظم شہباز شریف چین کے شہر تیانجن میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
سفارتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم یہ دورہ چینی قیادت کی دعوت پر کریں گے، اور ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا۔
دورے کے دوران وزیراعظم دیگر ممالک کے رہنماؤں سے بھی سائیڈ لائن ملاقاتیں کریں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی شرکت بھی متوقع ہے، جس سے اجلاس کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس وقت قومی سلامتی کے مشیر، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عاصم ملک، چین کے دورے پر موجود ہیں۔
چین میں اپنے قیام کے دوران انہوں نے چینی قیادت سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان کی جانب سے خطے میں پرامن ہمسائیگی کے عزم کا اعادہ کیا۔
مشیر قومی سلامتی نے SCO کی سلامتی کونسل کے سیکرٹریز کے اجلاس میں بھی شرکت کی اور موجودہ عالمی صورتحال میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کیا۔