کھیل June 24, 2025 Shahbaz Sayed

پاکستان ہاکی ٹیم کو پی ایس بی کا ’’سرپرائز‘‘ چیک، مالیت دیکھ کر کھلاڑی بھی حیران

کوالالمپور میں کھیلے گئے نیشنز کپ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بڑی بڑی ٹیموں کو پچھاڑتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ تاہم نیوزی لینڈ ٹرافی لے اڑا لیکن گرین شرٹس چاندی کا میڈل لے کر وطن واپس آئے۔

نیشنز کپ میں حصہ لینے والے قومی کھیلے کے کھلاڑیوں کو وطن واپسی پر پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے چیک دیے گئے۔ ان چیکس کی مالیت دیکھ کر کھلاڑی بھی سرپرائز ہو گئے۔

نیشنز کپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو 6 ہزار روپے جب کہ ٹیم آفیشلز کو 5600 روپے مالیت کے چیک دیے گئے۔

کھلاڑیوں اور آفیشلز نے ملنے والے چیک پر ناراضی کے ساتھ شرمندگی کا اظہار کیا اور اس کو پاکٹ منی قرار دیتے ہوئے قومی کھیل اور کھلاڑیوں کے ساتھ مذاق قرار دیا۔

کئی کھلاڑیوں نے طنزیہ انداز میں شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’اتنی بھاری‘‘ رقم کا کیا کریں گے؟

واضح رہے کہ ملائیشیا میں نیشنز کپ کے دوران ہاکی کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنس نہ ملنے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے بھی گزشتہ دنوں ہاکی کو نظر انداز کرنے اور کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنس نہ ملنے پر ایک فکر انگیز پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔

عماد شکیل نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ایسا کوئی ہے جو پاکستان ہاکی ٹیم کا دکھ درد سمجھ سکے، پاکستان میں کرکٹ زیادہ مقبولیت کا حامل لیکن قومی کھیل کو پوچھنے والے بہت کم ہیں۔ ہاکی اصل مقام حاصل کرنے کیلیے بقا کی جنگ لڑ رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی شکوہ کیا تھا کہ بزنس مین کروڑوں روپے کرکٹ لیگز پر خرچ کر دیتے ہیں، مگر ہاکی کیلیے بجٹ نہیں ہوتا ہے۔ ہم کھلاڑی ہیں اور ہمارا دکھ درد کوئی نہیں سمجھ سکتا ہے۔

عماد بٹ نے تلخ حقیقت بیان کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ کہ جائز حقوق نہ ملنے کے باوجود ہم ٹائٹل جیتنے کیلئے میدان میں اترتے رہے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ سب کو ملکر پاکستان ہاکی کیلئے ہم آواز بننا پڑے گا، اگر ایسا ممکن نہ ہوسکا تو پاکستان ہاکی کا وجود مٹ سکتا ہے۔