“مچل جانسن کا بگ 4 بولنگ یونٹ پر کڑا وار — ہیزل ووڈ اور لیون نے دفاع میں مورچہ سنبھال لیا”

مچل جانسن نے اپنے حالیہ کالم میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا کی شکست کے بعد اپنے ہی بولنگ یونٹ پر سوالات اٹھا دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ساتھی کھلاڑیوں کی کارکردگی اور رویے پر نظر ڈالنا اب ضروری ہو گیا ہے۔
اپنے کالم میں مچل جانسن نے جوش ہیزل ووڈ پر خاص طور پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ:
“حالیہ برسوں میں جوش کی فٹنس پر تحفظات ہیں۔ نیشنل ڈیوٹی کے لیے وقت پر دستیاب نہ ہونا اور آئی پی ایل کو ترجیح دینا بھی تشویش ناک ہے۔”
یہ بھی پڑھیں:
‘آسٹریلوی کرکٹرز چوکرز کی آوازیں لگاتے رہے’ — جنوبی افریقی کپتان کا آسٹریلیا پر سلیجنگ کا الزام
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل: جنوبی افریقا کی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف مشکلات کا شکار
جانسن نے یہاں تک کہا کہ آسٹریلیا کے بگ فور بولرز — پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لیون — کو ہر حال میں ناقابلِ تبدیل نہیں سمجھنا چاہیے۔ ان کے مطابق اگر یہ کھلاڑی سوچتے ہیں کہ ایشز ان کے کیریئر کا اختتام ہوگا تو یہ اندازہ درست نہیں۔
ادھر جانسن کے اس سخت کالم پر دونوں بولرز نے خاموشی اختیار نہیں کی۔
جوش ہیزل ووڈ نے اپنے دفاع میں کہا:
“ہم جانتے ہیں کہ ہمارے اردگرد کیا ہو رہا ہے، اور ہمیں کس قسم کی تیاری کرنی ہے۔ بلاشبہ سخت مقابلے میں موسم نے بھی کردار ادا کیا۔ لیکن میں اس وقت اپنی کرکٹ سے متعلق کافی پُرسکون ہوں۔”
دوسری طرف نیتھن لیون نے بھی اپنا مؤقف دیا:
“ہم چاروں نے کبھی اپنی جگہ کو آسان نہیں سمجھا۔ اسکواڈ کے اندر سخت مقابلہ ہوتا ہے، اور چار کھلاڑیوں کو ایک ساتھ الوداع کہنے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں ہو رہی۔”