سیاست June 21, 2025 Shahbaz Sayed

“ایران-اسرائیل تنازع سنگین موڑ پر، جنگ بندی ہی واحد راستہ ہے” — صدر اردوان کا انتباہ

تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اسلامی تعاون تنظیم کے یوتھ فورم سے خطاب میں کہا کہ غزہ میں جاری نسل کشی اور ایران کے ساتھ بڑھتا ہوا تنازع ایک خطرناک موڑ پر پہنچ چکا ہے۔

ترک صدر نے خبردار کیا کہ اسرائیل اور ایران کا یہ تنازع تیزی سے ایک ایسے مقام کی طرف جا رہا ہے جہاں سے واپسی ممکن نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس “جنون” کو جلد نہ روکا گیا تو اس کے نتائج کئی دہائیوں تک محسوس کیے جائیں گے۔

صدر اردوان کا کہنا تھا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال صرف مشرقِ وسطیٰ کے لیے ہی نہیں بلکہ یورپ اور ایشیا کے لیے بھی تباہ کن اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

ایرانی حملوں پر اسرائیلی شکایات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل آج اسپتالوں پر حملوں کی شکایت کر رہا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ خود غزہ میں 700 سے زائد طبی مراکز پر حملہ کر چکا ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے ترک صدر نے ایک بار پھر سیزفائر کا مطالبہ دہرایا۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ فوری جنگ بندی ہی واحد حل ہے، بصورت دیگر یہ آگ پورے خطے کو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

اسی تقریب میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی گرین یوتھ ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر اسحاق ڈار اور صدر اردوان کے درمیان مختصر ملاقات بھی ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو تہنیتی کلمات کہے۔

ترک صدر کو نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا، جس پر اسحاق ڈار نے انہیں مبارکباد پیش کی۔