ہیڈنگلے میں پہلے بولنگ کا فیصلہ حیران کن اور مایوس کن تھا، مائیکل وان

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے بھارت کے خلاف ہیڈنگلے ٹیسٹ میں انگلش ٹیم کی جانب سے پہلے بولنگ کے فیصلے پر سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی پچ پر جہاں بیٹنگ کے لیے سازگار حالات ہوں، وہاں پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
پہلے دن کے اختتام پر بھارت نے شبھمن گل اور یشسوی جیسوال کی سنچریوں کی بدولت صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 359 رنز بنا ڈالے۔
برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مائیکل وان نے کہا کہ بین اسٹوکس کا فیصلہ غیر متوقع تھا، کیونکہ لیڈز جیسی کنڈیشنز میں عام طور پر پہلے بیٹنگ کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرم اور خشک موسم میں بولرز کو پچ سے کوئی خاص مدد نہیں ملتی، اور ایسے میں پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ خود اپنے پیروں پر کلہاڑی مارنے جیسا ہے۔
مائیکل وان کا کہنا تھا کہ اس وقت انگلینڈ کی اصل طاقت اس کی بیٹنگ ہے، جبکہ بولنگ یونٹ میں تجربے کی کمی واضح نظر آتی ہے۔
سابق کپتان نے یہ بھی مشورہ دیا کہ کپتانوں کو فیصلے کرتے وقت ماضی کی روایت پر نہیں بلکہ موجودہ کنڈیشنز اور ٹیم کمبی نیشن پر انحصار کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا، “آپ کو فیصلے اسی لمحے کی صورتحال دیکھ کر کرنے ہوتے ہیں، نہ کہ ماضی میں جو کچھ یہاں ہوتا رہا اُس کی بنیاد پر۔”