کھیل June 20, 2025 Shahbaz Sayed

بگ بیش لیگ اہم ہے، مگر میری ترجیح قومی ٹیم ہے، محمد حارث

بگ بیش لیگ کے ڈرافٹ میں اس سال 74 پاکستانی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی تھی، جن میں سے 7 کھلاڑیوں نے مختلف فرنچائز ٹیموں میں جگہ بنائی۔

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیگز کی اہمیت کو تسلیم کیا، مگر اپنی ترجیح قومی ٹیم کو قرار دیا۔

محمد حارث نے کہا کہ بگ بیش ایک شاندار ٹورنامنٹ ہے اور وہ اس میں شامل ہونے والے تمام کھلاڑیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیگز کے مواقع وقتاً فوقتاً آتے رہتے ہیں، لیکن اس وقت ان کی مکمل توجہ قومی ٹیم کی نمائندگی اور اس دوران بہترین کارکردگی دکھانے پر ہے۔

محمد حارث نے بتایا کہ اسکلز ڈیولپمنٹ کیمپ اُن کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے اہم ثابت ہو رہا ہے۔

کیمپ کے دوران ان کی اور ان کے ساتھیوں کی خامیوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور کوچنگ اسٹاف کی رہنمائی میں اُن پر کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ان کا خاص فوکس اپنی دفاعی تکنیک کو بہتر بنانے پر ہے، کیونکہ یہ تکنیک تمام فارمیٹس کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔