پاکستان July 15, 2025 Shahbaz Sayed

سندھ میں جعلی نمبر پلیٹ خریدنے والوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ

وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے شہریوں کو سختی سے خبردار کیا ہے کہ وہ سڑکوں پر اسٹالز یا دکانوں سے جعلی نمبر پلیٹس خرید کر اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر نہ لگوائیں، کیونکہ اس پر کارروائی ہو گی۔

نجی نیوز ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں مکیش چاولہ نے بتایا کہ سندھ حکومت نے 2022 میں خصوصی سکیورٹی فیچرز والی اجرک ڈیزائن کی حامل نمبر پلیٹ متعارف کرائی تھی، اور گزشتہ تین سال کے دوران ہزاروں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو یہ نمبر پلیٹس جاری کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ خصوصی نمبر پلیٹ سیف سٹی پروجیکٹ سے منسلک ہے، جس میں بار کوڈ بھی شامل ہیں۔
یہ بار کوڈ محکمہ ایکسائز کے ڈیٹا سسٹم سے جڑے ہوتے ہیں اور کیمروں میں یہ نمبر پلیٹس بالکل واضح نظر آتی ہیں، جس سے جرائم کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ میں پچھلے ایک سال سے اسمبلی فلور اور میڈیا پر بار بار واضح کر چکا ہوں کہ مستقبل میں یہی نمبر پلیٹ تمام شہریوں کے لیے لازمی ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ اس نمبر پلیٹ لگوانے کی آخری تاریخ 14 اگست 2025 مقرر کی گئی ہے۔

مکیش چاولہ کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر جعلی نمبر پلیٹوں کی خرید و فروخت کو روکنے کے لیے پہلے ہی کام شروع کر دیا گیا ہے اور اس پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔
ان کے مطابق جو لوگ دکانوں سے جعلی نمبر پلیٹیں بنوا کر لگا رہے ہیں، وہ محض اپنا وقت اور پیسہ ضائع کر رہے ہیں، کیونکہ یہ نمبر پلیٹس جعلی سمجھی جائیں گی اور ان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوگی۔

وزیر ایکسائز نے یہ بھی وضاحت کی کہ نمبر پلیٹ جاری کرنا صرف حکومت کا اختیار ہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ جن شہریوں نے سرکاری نمبر پلیٹ کے لیے درخواست دے رکھی ہے اور محکمے کی جانب سے اس میں تاخیر ہو رہی ہے، ایسے لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔