پاکستان July 2, 2025 Shahbaz Sayed

این ڈی ایم اے کا 2 سے 8 جولائی تک مون سون بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری

تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 2 جولائی سے 8 جولائی 2025 تک کے لیے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمے کی پیش گوئی کے مطابق خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں 5 سے 8 جولائی کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔

خاص طور پر دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافے سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد میں اضافے کے باعث نچلے درجے کا سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے بھی نشیبی علاقوں میں اچانک سیلاب کے خطرے کی وارننگ دی ہے۔

الرٹ میں شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ بارشوں کے دوران کمزور عمارتوں، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز سے دور رہیں، کیونکہ آندھی اور طوفان کے دوران یہ خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں اور حادثات کا باعث بن سکتے ہیں۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے مقامی ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ اچانک بڑھ سکتا ہے، اس لیے عوام کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

این ڈی ایم اے نے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کو یقینی بنایا جائے، تاکہ کسی بھی نقصان سے بچا جا سکے۔