پاکستان June 28, 2025 Shahbaz Sayed

تیونس سے کراچی آ کر شادی کرنے والی سندا ایاری دربدر، وطن واپسی کے لیے مدد کی طالب

تفصیلات کے مطابق تیونس سے محبت کی شادی کرنے کراچی آنے والی 19 سالہ لڑکی سندا ایاری مشکلات کا شکار ہو گئی ہے اور اس نے وطن واپسی کے لیے پولیس سے مدد کی اپیل کر دی ہے۔

سندا ایاری، جو گزشتہ سال 28 نومبر کو پاکستان پہنچی تھی اور اگلے ہی دن لیاری کے رہائشی عامر سے نکاح کیا تھا، اب خود کو کراچی میں تنہا، بے سہارا اور بے بس محسوس کر رہی ہے۔

ایک خصوصی ویڈیو بیان میں سندا نے اپنا دکھ بیان کرتے ہوئے کہا کہ “میں صرف اپنا ٹکٹ خرید کر واپس جانا چاہتی ہوں، عامر مجھ پر توجہ نہیں دیتا تھا، نہ ہی میری ضروریات کا خیال رکھتا تھا۔”

اس نے بتایا کہ ایک روز جھگڑے کے دوران اس نے عامر کی کوئی چیز کھڑکی سے باہر پھینکنے کی کوشش کی، مگر وہ چیز کھڑکی سے نیچے نہیں گری، پھر بھی عامر اتنا غصے میں آ گیا کہ میرے منہ پر تھپڑ مار دیے۔

سندا کے مطابق، جب اس نے دفاع میں عامر کو تھپڑ مارا تو اس نے اس کے ہاتھ موڑ دیے اور مزید مارنے کے لیے کوئی چیز اٹھانے چلا گیا۔

“اسی دوران عامر کے والد آ گئے اور انہوں نے بھی مجھے تشدد کا نشانہ بنایا، میں نے عامر سے کہا کہ اپنے والد کو روکو، مگر عامر کے والد نے میرے منہ پر لاتیں ماریں۔”

سندا ایاری کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے تھے لیکن وہ مل کر ان کا حل نکال لیتے تھے، تاہم اس بار حالات مختلف تھے۔

“عامر نے مجھے طلاق دے دی، اور اس کے بعد سب کچھ دھندلا سا ہو گیا، میں نے خودکشی کی کوشش بھی کی اور کھڑکی سے چھلانگ لگانے کی کوشش کی۔ میں اس وقت اپنے ہوش میں نہیں تھی۔”

اس نے مزید کہا کہ “عامر کی والدہ بھی مجھے مسلسل سخت اور برے الفاظ کہتی تھیں، سارا خاندان مجھے قصوروار ٹھہرا رہا تھا، اور عامر، جس سے میں نے محبت کی، وہ خاموش تماشائی بنا رہا۔”

واضح رہے کہ سندا ایاری کا 90 روزہ ویزا 18 فروری 2025 کو ختم ہو چکا ہے، اور اب وہ قانونی، سماجی اور ذاتی مشکلات میں گھری ہوئی ہے۔

شادی کے صرف سات ماہ بعد عامر کی طرف سے دی گئی طلاق کے بعد، سندا اب کراچی میں پناہ کے لیے در بدر ہے اور اپنی واپسی کے لیے حکام سے مدد کی منتظر ہے۔