پاکستان June 25, 2025 Shahbaz Sayed

“پاک امریکا تجارتی معاہدے کی تکمیل پر پیش رفت، آئندہ ہفتے مذاکرات مکمل ہونے کا امکان”

اسلام آباد / واشنگٹن:
پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارت اور معاشی تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی سیکریٹری تجارت ہاورڈ لٹنگ کے درمیان منگل کی رات ایک ورچوئل میٹنگ ہوئی، جس میں آئندہ ہفتے تک تجارتی معاہدہ مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

یہ ملاقات پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 8 بجے ہوئی، جس میں دونوں فریقین نے اب تک ہونے والے مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا، اور باہمی عزم ظاہر کیا کہ تجارتی معاہدے کو خوش اسلوبی سے حتمی شکل دی جائے گی۔

اس ورچوئل ملاقات کے دوران نہ صرف تجارتی معاہدے پر گفتگو ہوئی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا — جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور معیشت کے کلیدی شعبے شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق، تکنیکی سطح کے مذاکرات آئندہ ہفتے مکمل ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد باقاعدہ معاہدے پر دستخط کیے جا سکتے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ معاہدہ کامیابی سے مکمل ہو جاتا ہے تو یہ نہ صرف پاکستان کی معیشت کے لیے مثبت قدم ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بھی نئی جان ڈال سکتا ہے۔