پولیس افسر کی فائرنگ سے 2 بچے سمیت 3 افراد زخمی، لانڈھی میں 3 ملزمان گرفتار

کراچی: لانڈھی شیرپاؤ کالونی میں پولیس کے ایک افسر کی طیش میں آکر کی گئی فائرنگ نے علاقہ مکینوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا، واقعے میں دو معصوم بچوں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔
ایس پی ملیر نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار ملزمان میں صفدر، مزمل کلیم اور شاہد کلیم شامل ہیں، اور واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق صفدر سچل تھانے میں اے ایس آئی (اسسٹنٹ سب انسپکٹر) کے عہدے پر تعینات ہے۔ واقعے کی بنیاد اس وقت رکھی گئی جب ایک شخص “سارن” غلطی سے اپنے پڑوسی کی موٹر سائیکل لے گیا، جس پر بعد میں معذرت کرتے ہوئے وہ موٹر سائیکل واپس لوٹا چکا تھا۔ دونوں کے درمیان معمولی تکرار بھی ہوئی، مگر علاقہ مکینوں نے فوری صلح صفائی کرا دی۔
تاہم جب اے ایس آئی صفدر کو اپنے رشتہ داروں کے جھگڑے کا پتہ چلا تو وہ مسلح ہو کر جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔ وہاں پہنچتے ہی صفدر نے فائرنگ شروع کر دی جس سے 12 سالہ فواد، 5 سالہ عائشہ اور 30 سالہ شرافت زخمی ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔