موسم کی خرابی کے باعث اسلام آباد کی پروازوں کا رخ موڑا گیا، مسافر طیارے میں پریشان

اسلام آباد / کراچی / ملتان — ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر موسم کی خرابی کے باعث پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہو گیا، جدہ اور کراچی سے اسلام آباد آنے والی پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس پر لینڈ کرایا گیا، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق جدہ سے اسلام آباد آنے والی ایک نجی ایئرلائن کی پرواز کو اسلام آباد کی بجائے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کروا دیا گیا۔ اسی طرح پی آئی اے کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 370 کو بھی موسم کی خرابی کے باعث ملتان ایئرپورٹ پر اتارنا پڑا۔
ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق پی کے 370 کو رات 9 بجے کراچی سے روانہ ہونا تھا، تاہم طیارہ چار گھنٹے کی تاخیر کے بعد رات 1 بجے پرواز کر سکا۔ اسلام آباد کے اوپر پہنچنے پر طیارے نے کئی منٹ تک چکر لگائے مگر موسم بہتر نہ ہونے کے باعث کپتان نے کنٹرول ٹاور کی ہدایت پر ملتان کا رخ کیا اور وہاں لینڈنگ کی۔
ذرائع نے بتایا کہ مسافروں کو طیارے میں ہی رہنے کی ہدایت دی گئی، لیکن ایئر بس کے اے سی بند ہونے کے باعث طیارے کے اندر شدید گرمی اور گھٹن کی صورتحال پیدا ہو گئی، جس سے مسافر خاصے پریشان ہوئے۔
پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جیسے ہی موسم بہتر ہوگا، پرواز کو ملتان سے اسلام آباد بھیج دیا جائے گا۔