پاکستان June 21, 2025 Shahbaz Sayed

سندھ پولیس میں ایس ایچ اوز کی تقرری و تبادلوں کا نیا نظام متعارف

تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ایس ایچ اوز کی تعیناتی اور تبادلوں کے لیے نیا اور مؤثر طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔

نئے نظام کے تحت اب ایس ایچ اوز کے قبل از وقت تبادلوں کی اجازت صرف ٹھوس وجوہات اور ڈی آئی جی کی باقاعدہ منظوری کے بعد دی جائے گی۔

پالیسی میں واضح کیا گیا ہے کہ جس افسر نے ایک تھانے میں ایک سال مکمل کر لیا ہو، اسے اگلے تین سال تک اسی تھانے میں دوبارہ تعینات نہیں کیا جا سکے گا۔

اسی طرح، افسران کو اپنے آبائی ضلع میں تعینات کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اور ایسی کسی بھی پوسٹنگ کے لیے براہِ راست آئی جی سندھ کی منظوری درکار ہوگی۔

آئی جی سندھ نے زور دے کر کہا کہ صرف صاف سروس ریکارڈ رکھنے والے اہل افسران ہی ایس ایچ او کے عہدے کے لیے اہل سمجھے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن، نااہلی یا کسی مقدمے کا سامنا کرنے والے افسران ایس ایچ او کے لیے نااہل تصور کیے جائیں گے۔

آئی جی کی نئی پالیسی کے مطابق، ایس ایچ او کی مدت تعیناتی کم از کم ایک سال ہوگی تاکہ تھانوں میں استحکام اور جوابدہی کو بہتر بنایا جا سکے۔