یومِ تشکر: قوم کی یکجہتی اور ذرائع ابلاغ کے کردار کا اعتراف

اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی میڈیا کے مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا۔ یومِ تشکر کی مرکزی تقریب کے بعد غیر رسمی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دیا اور قوم کو بروقت اور درست معلومات فراہم کیں۔
انہوں نے کہا کہ “ہماری میڈیا ہماری پہچان ہے۔ ہم نے کبھی عوام سے کچھ نہیں چھپایا اور سچائی کو دیانتداری سے پیش کیا۔ میڈیا کا ردِعمل قابلِ فخر تھا۔”
جنرل منیر نے کہا کہ پوری قوم دشمن کے خلاف متحد ہو گئی، اور میڈیا نے حقیقت کو اجاگر کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔
یومِ تشکر کی خصوصی تقریب اسلام آباد کے پاکستان مونومنٹ پر منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف مہمانِ خصوصی تھے۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں اصل امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔
تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، اور غیر ملکی سفراء بشمول چین، ترکی اور آذربائیجان کے سفیر موجود تھے۔
تقریب میں شہداء کے لیے دعائیں کی گئیں اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے شاندار فلائی پاسٹ نے قوم کی طاقت اور عزم کو نمایاں کیا۔ بچوں نے ملی نغمے پیش کیے جبکہ سہیر علی بگا سمیت معروف فنکاروں کی پرفارمنس نے محفل کو پرجوش بنایا۔
اس تاریخی موقع پر وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ 9 اور 10 مئی کی درمیانی شب انہیں آرمی چیف نے بھارتی میزائل حملے سے متعلق آگاہ کیا تھا، جس پر فوری اور مؤثر ردِعمل کی ہدایت دی گئی۔ بعدازاں جنرل عاصم منیر نے آگاہ کیا کہ بھارتی افواج کو مؤثر جواب دیا گیا اور بھارت نے خود ہی جنگ بندی کی درخواست کی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان نے بھارت کے رافیل، میگ طیارے اور ڈرونز تباہ کیے، جن میں چھ جنگی جہاز شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ 10 مئی ایک تاریخی دن ہے، جب پوری قوم افواج کے ساتھ یکجہتی میں متحد ہوئی۔ انہوں نے اس دن کو ایک فخر انگیز اور فیصلہ کن لمحہ قرار دیا۔