سی ایس ایس امتحان: عمر کی بالائی حد میں پانچ سال کا اضافہ، نیا اطلاق 2026 سے ہوگا
اسلام آباد: قومی اسمبلی نے ایک اہم قرارداد کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت سی ایس ایس کے امیدواروں کے لیے عمر کی بالائی حد میں پانچ سال کا اضافہ کیا گیا ہے۔
نئی ترمیم کے بعد امیدوار 2026 سے 35 سال کی عمر تک امتحان دینے کے اہل ہوں گے۔
یہ قرارداد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی سیدہ نوشین افتخار نے پیش کی، جنہوں نے قواعد معطل کر کے قرارداد پیش کرنے کی اجازت حاصل کی۔
ایوان میں پیش کردہ قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ سی ایس ایس کے امیدواروں کو عمر میں نرمی دی جائے تاکہ وہ بہتر طور پر تیاری کر سکیں۔
اس کے ساتھ ہی، قرارداد میں یہ تجویز بھی شامل کی گئی کہ امتحان دینے کی کوششوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو بڑھا کر پانچ کر دیا جائے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے عدالت کے فیصلے کے بعد 2025 کے سی ایس ایس امتحانات کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔