حال ہی میں گوگل نے اپنے کلاؤڈ اسٹوریج پلیٹ فارم پر کئی انقلابی فیچرز متعارف کرائے تھے جن میں آٹومیٹک کیپشننگ، وژوئل ری ڈیزائن، نئی اپ لوڈ شدہ ویڈیوز کے لیے انسٹنٹ پلے بیک، ٹائم اسٹیمپڈ ٹرانسکرپٹ اور یوٹیوب جیسے تھمب نیل پری ویو شامل ہیں۔
اب کمپنی نے ایک اور بڑا اضافہ کیا ہے۔ گوگل نے ڈرائیو میں Google Vids فیچر متعارف کرایا ہے۔ ورک اسپیس ڈومین کے صارفین جلد ہی ڈرائیو میں ویڈیو چلانے پر دائیں ہاتھ اوپر کی جانب جامنی رنگ کا گوگل وڈز کا آئیکون دیکھ سکیں گے۔
اس آئیکون پر کلک کرتے ہی ویڈیو براہِ راست گوگل وڈز میں کھل جائے گی، جہاں صارفین ٹرمنگ، میوزک کا اضافہ، ٹیکسٹ اوورلے اور دیگر بنیادی ایڈیٹنگ فیچرز استعمال کر سکیں گے۔ ایڈیٹنگ مکمل ہونے کے بعد ایک نئی وڈز فائل بن جائے گی، جسے صارف یا تو علیحدہ سے محفوظ کرے گا یا ایکسپورٹ کر سکے گا۔
البتہ، اس اپ ڈیٹ کی کچھ حدود بھی ہیں۔ یہ فیچر صرف MP4، QuickTime، OGG اور WebM فارمیٹس پر کام کرے گا، جن کی زیادہ سے زیادہ مدت 35 منٹ اور سائز 4 جی بی سے کم ہوگا۔
ماہرین کے مطابق گوگل کا یہ قدم کلاؤڈ پر ویڈیو ایڈیٹنگ کو مزید آسان بنا دے گا اور صارفین کو علیحدہ سافٹ ویئر انسٹال کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔