دنیا July 19, 2025 Shahbaz Sayed

کشمیری آج ’’یومِ الحاقِ پاکستان‘‘ منا رہے ہیں: بھارتی تسلط کے خلاف جدوجہد کو 78 سال مکمل

اسلام آباد/سرینگر: دنیا بھر میں آج کشمیری عوام 19 جولائی کو ’’یومِ الحاقِ پاکستان‘‘ کے طور پر منا رہے ہیں، جو کہ بھارتی غیر قانونی تسلط کے خلاف ان کی مسلسل جدوجہد کی علامت ہے۔ یہ دن مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی، انسانی حقوق کی پامالیوں اور کشمیری عوام کی پاکستان سے والہانہ وابستگی کو اجاگر کرتا ہے۔

قرارداد الحاق پاکستان: تاریخی پس منظر

19 جولائی 1947 کو آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کا ایک ہنگامی اجلاس سردار محمد ابرہیم کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا، جس کی صدارت چوہدری حمیداللہ خان نے کی۔ اجلاس میں خواجہ غلام الدین وانی اور عبدالرحیم وانی کی جانب سے قرارداد الحاق پاکستان پیش کی گئی، جو مذہبی، ثقافتی اور جغرافیائی بنیادوں پر تھی۔ اس قرارداد کو 59 کشمیری رہنماؤں نے متفقہ طور پر منظور کیا۔

یہی قرارداد بعد ازاں پونچھ بغاوت اور آزاد کشمیر کی آزادی کا سنگ میل بنی، جس نے تحریک آزادی کشمیر کو جلا بخشی۔

بھارتی مظالم کی ایک طویل تاریخ

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی اب بھی عروج پر ہے۔ گزشتہ 78 برس سے کشمیری عوام کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ تحریک آزادی کی راہ میں اب تک 5 لاکھ سے زائد کشمیری جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔

1990 کی دہائی میں ہنڈواڑہ، تینج پورہ، ذکورہ، سوپور، لال چوک، بیجی بہارہ اور 1994 میں کپواڑہ جیسے شہروں میں قتل عام کے ہولناک واقعات پیش آئے۔ 2012 میں بارہ مولہ، بانڈی پورہ اور کوٹورا کے 55 دیہات سے 2700 سے زائد اجتماعی قبریں دریافت ہونا بھارتی مظالم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

مقبوضہ کشمیر: دنیا کی سب سے بڑی اوپن ایئر جیل

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 10 لاکھ سے زائد فوجی اور پیرا ملٹری فورسز تعینات کر رکھی ہیں، جس نے اس خطے کو دنیا کی سب سے بڑی فوجی چھاؤنی اور اوپن ایئر جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ 5 اگست 2019 کو کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی۔

عالمی برادری کی تشویش

اقوام متحدہ، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور عالمی میڈیا متعدد بار مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر آواز بلند کر چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیتی ہیں۔

پاکستان کا اصولی مؤقف برقرار

پاکستان کا اصولی مؤقف واضح ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ کشمیری عوام نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک پاکستان سے الحاق کا خواب پورا نہیں ہوتا، ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔